سابق چیف جسٹس آف پاکستان سعید الزماں صدیقی کے صاحبزادے بیرسٹرافنان سعید پرحملہ ہواہے جس میں وہ محفوظ رہے ہیں تاہم ملزمان گھرپرفائرنگ کرنے کے بعدفرارہوگئے ۔
ملزمان خیابان راحت کے فیز6 میں واقعہ بنگلے پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے تھے ، فائرنگ کا واقعہ رات ایک بج کر17 منٹ پر پیش آیا ۔ افنان صدیقی نے بتایا کہ مجھے میرا دوست گھر چھوڑنے کیلیے آیا تھا ، ہم جیسے ہی گھرکے اندر داخل ہوئے تو ملزمان نے گھر پرفائرنگ کردی ، میرے ملازم نے مجھے بچانے کیلیے چھلانگ لگائی اور زمین پرگرا، فائرنگ کے بعد گولیاں گھرکی دیوارپرلگیں ۔
افنان صدیقی کا کہناتھا کہ اندر موجودمیرے پولیس اہلکار کی جانب سے سرکاری اسلحہ سے گولی چلائی گئی تو ملزمان خالی پلاٹ کی جانب بھاگ گئے ، میرا عرفان اللہ کنڈی نامی شخص سے بھی 2018 سے تنازع چل رہاہے ، عرفان اللہ کنڈی نے مری میں میری والدہ پر بھی حملہ کروایا تھا ۔
پولیس کا کہناہے کہ رات کو خبر موصول ہوتے ہی پولیس فوری طورپرافنان صدیقی کے گھر پہنچی لیکن افنان صدیقی کی جانب سے تاحال واقعہ کا مقدمہ درج نہیں کروایا گیاہے ، جب ہمیں کہیں گے تو فوری مقدمہ درج کر لیا جائے گا۔