2 زخمیوں کی حالت تشویشناک، فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا، امدادی سرگرمیاں جاری
2 زخمیوں کی حالت تشویشناک، فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا، امدادی سرگرمیاں جاری

کوئٹہ کے سرینا چوک پرہوٹل کی پارکنگ میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق

کوئٹہ کے زرغون روڈ سرینا چوک پر نجی ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ کے زرغون روڈ پر مقامی ہوٹل کی پارکنگ میں زورداردھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی۔
دھماکے سے ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں میں اگ لگ گئی جبکہ دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے۔
لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا اور اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
جاں بحق افراد میں ہوٹل کا سیکیورٹی گارڈ اور ایک پولیس اہلکار شامل ہے جبکہ دھماکے میں 2 اسسٹنٹ کمشنرز بھی زخمی ہوئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خیز مواد گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کے مقام کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس بلوچستان محمد طاہر رائے کے مطابق دھماکا مقامی ہوٹل کی پارکنگ میں ہوا، سی ٹی ڈی نے دھماکے کی جگہ کو سیل کردیا ہے اور دھماکے سے نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ وفاقی وزارت داخلہ حکومت بلوچستان کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور ابتدائی تحقیقات کی جارہی ہیں جیسے ہی دھماکے کی نوعیت اور نقصانات کا تعین ہوگا حکومت بیان جاری کرے گی۔
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے دھماکے کو دہشت گرد حملہ قرار دیا اور کہا کہ یہ دھماکا دہشتگرد حملہ ہے جس کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ڈی آئی جی اظہر اکرام کا کہنا ہے کہ نجی ہوٹل میں کوئی غیرملکی وفد موجود نہیں تھا۔