وزیر اعظم نے ایس او پیز پرعملدرآمد کیلیے فوج طلب کرلی۔
کورونا سے متعلق این سی سی اجلاس کے بعد قوم کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے کہا جارہا ہے کہ لاک ڈاؤن لگا دیں ، میں صرف غربا کی مشکلات کے پیش نظر اس کی اجازت نہیں دے رہا، ایس او پیز پرعملدرآمد کرانے کیلیے فوج سڑکوں پر نکلے گی۔فوج پولیس کی مدد کرے گی ۔
وزیر اعظم نے کہا ملک میں کورونا کے کیسز خطرناک حد تک بڑھ رہے ہیں،عوام ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کر رہے، معیشت سمیت ہر شعبے کو نقصان پہنچے گا اور مجبوراً شہروں کے لاک ڈاؤن سمیت سخت اقدامات کرنے پڑیں گے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ سال ایس او پیز پرعملدرآمد سختی سے کیا گیا، پاکستان واحد ملک تھا جہاں مساجد بند نہیں کی گئی تھیں ۔ ہم گزشتہ سال اپنے ہسپتالوں کی استعداد کار نہ بڑھاتے تو حالات بھارت جیسے ہو جانے تھے ، اب بھی احتیاط نہ کی تو دو ہفتوں میں ہمارے حالات بھارت جیسے ہو جائیں گے ۔جب تک قوم مل کراس وبا سے مقابلہ نہیں کرے گی ہم جیت نہیں سکتے ۔