مسلم لیگ نون کے مرکزی صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا ہے،رہائی کے موقع پرن لیگ کے رہنما اور کارکن بڑی تعداد میں جیل کے باہرموجود تھے۔
منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کو 6 ماہ اور25 دنوں کے بعد رہائی ملی ہے، ان کی رہائی کے موقع پر حمزہ شہباز، رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق و دیگر رہنماوں کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد جیل کے باہر موجود تھی۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہورکی احتساب عدالت کے جج شیخ سجاد کی عدالت میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے گئے، ن لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھراور چوہدری محمد نواز نے شہباز شریف کے مچلکے جمع کروائے۔عدالت میں جمع کروائے گئے مچلکوں کی تصدیق کاعمل مکمل کیا گیا ، مچلکوں کی تصدیق کے بعد عدالت روبکار جاری کی جو جیل بھجوا دی گئی ہے۔
روبکار ملنے کے بعد جیل حکام اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا، اس موقع پر حمزہ شہباز، رانا ثنا اللہ ،مریم اورنگزیب سمیت کارکن بڑی تعداد موجود تھیں۔
واضح رہے شہباز شریف کو ستمبر 2020 کو لاہور ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت خارج ہونے پر گرفتارکیا گیا تھا۔