لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے اپنا دورہ کراچی منسوخ کر دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے،عوام کے تحفظ کے خاطر آج کراچی کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ کراچی جانے کے لیے بیتاب تھیں ، وہاں کے مسائل کا حل مسلم لیگ ن کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے کراچی میں امن کوبحال کیا، مفتاح اسماعیل سے رابطے میں ہوں ،ان کے حلقے میں پانی کا مسئلہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل کے حق میں فیصلہ آیاتو حلقے کے مسائل حل ہوں گے ،مفتاح نے بہترین طریقے سے مہم چلائی اور چلا رہے ہیں۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ مریم نواز شریف نے اپنا دورہ کراچی منسوخ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا سے عوام کی زندگیوں کو لاحق سنگین خطرات کے پیش نظر دورہ کراچی منسوخ کیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام اور کارکنان کی زندگیوں کے تحفظ اور کورونا سے بچاؤ کی خاطر یہ فیصلہ کیا گیا۔ اب مریم نواز شریف کچھ دیر بعد 3 بجے اہم پریس کانفرنس کریں گی۔
واضح رہے کہ مریم نواز کو آج دو روزہ دورے پر این اے 249 کے ضمنی انتخابات کی مہم کے سلسلے میں کراچی جانا تھا۔