پشاور پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے بیمارافراد کو بجلی کا کرنٹ دینے والا جعلی پیر کو گرفتارکرلیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک جوان العمر شخص کو ذہنی طور پر معذور افراد کو ایک ڈیوائس کے ذریعے کرنٹ دیتے اور تشدد کرتے دکھایا گیا تھا، ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے پشاورکے علاقے اچینی بالا میں کارروائی کرکے جعلی پیر محمد اللہ ولد قدرت اللہ سکنہ اچینی بالا کو گرفتارکرلیا۔
گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران خود کو جعلی پیر ظاہر کرکے سادہ لوح شہریوں کو کرنٹ دینے، تشدد کرنے اور ان کو بھاری رقوم سے محروم کرنے کا اعتراف کر لیا ہے، ملزم کی اس سے قبل بھی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جس کو پہلے بھی گرفتار کیا جا چکا ہے جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔