جہانگیر ترین کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔فائل فوٹو
جہانگیر ترین کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔فائل فوٹو

وزیراعظم سے جہانگیر ترین گروپ کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

وزیراعظم عمران خان سے تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

وزیراعظم عمران خان سے جہانگیر کے ہم خیال گروپ کے ارکان نے ملاقات کی جس میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی شرکت کی۔ ارکان نے وزیراعظم کے سامنے اپنا موقف پیش کیا اور جہانگیر ترین کے خلاف شوگراسکینڈل مقدمات پر تحفظات کا اظہار کیا۔

ہم خیال گروپ نے شہزاد اکبرکو جہانگیر ترین کے کیسز کے معاملے سے الگ کرنے کی درخواست کی لیکن وزیراعظم نے یہ درخواست بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شہزاد اکبر بہترین کام کررہے ہیں، میں ان کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

جہانگیر ترین گروپ نے عمران خان سے جسٹس ساحرعلی، تصدق جیلانی اور ناصرالملک کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا کی جسے وزیرا عظم نے مسترد کر دیا ۔عمران خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مجھ سے امید رکھیں ہر صورت انصاف ہو گا۔

دوسری جانب راجہ ریاض نے بتایا کہ ہم نے شہزاد اکبر سے متعلق تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھے، وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے اور معاملہ مجھ پر چھوڑ دیں، میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دونگا۔

راجہ ریاض نے کہا کہ ہمیں اپنے کپتان پراعتماد ہے کہ وہ انصاف کریں گے۔وزیراعظم عمران خان نے معاملات کے حل کیلئے وقت مانگا ہے۔ عمران خان نے کہا جہانگیر ترین کیس کی خود مانیٹرنگ کروں گا۔

ایم پی اے نذیر چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے تفصیل سے ہماری بات سنی اور ہم نے وزیراعظم کے سامنے تحفظات رکھے، وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، ہم نے مطالبہ کیا کہ شہزاد اکبر کی ٹیم سے کیسز لے کرغیر جانبدار ٹیم بنائیں۔