شہزاد اکبر کو معاملے سے ہٹانے پر اتفاق ہوگیا، وزیر اعظم نے کچھ وقت مانگا ہے، ہم خیال ارکان قومی و صوبائی اسمبلی
شہزاد اکبر کو معاملے سے ہٹانے پر اتفاق ہوگیا، وزیر اعظم نے کچھ وقت مانگا ہے، ہم خیال ارکان قومی و صوبائی اسمبلی

وزیراعظم نے ہمارے تمام مطالبات تسلیم کرلیے، جہانگیر ترین حامی گروپ

جہانگیر ترین گروپ کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی جس میں جہانگیر ترین کے کیسوں سے شہزاد اکبر کو الگ کرنے اور جوڈیشل کمیشن بنانےکا مطالبہ کیا گیا۔
وزيراعظم نے جوڈيشل کمیشن کا مطالبہ مسترد کردیا جبکہ دیگر امور کے لیے وقت مانگ لیا۔
ملاقاتیوں نے دعویٰ کردیا کہ وزیراعظم نے شہزاد اکبر کو ہٹانے سے اتفاق کرلیا ہے اب وہ خود یہ معاملہ دیکھیں گے۔
جہانگیر ترین کے حامی ارکان اسمبلی نے وزیراعظم کی جانب سے تمام مطالبات تسلیم کیے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔
رکن قومی اسمبلی راجا ریاض کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ ہر صورت انصاف ہوگا ،کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔
نذیر چوہان کہتے ہیں کہ وزیراعظم نے ان کی تمام باتیں مان لیں،شہزاد اکبر سے متعلق تحفظات پر وزیراعظم نے کہا کہ جہانگیر ترین کیس خود مانیٹر کریں گے۔
اسلام آباد میں جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان نے کہا کہ وزیراعظم نے تفصیل سے ہماری بات سنی، ہم نے وزیراعظم کے سامنے تحفظات رکھے، وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے جہانگیر ترین کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، ہم نے مطالبہ کیا شہزاد اکبر کی ٹیم سے کیسز لے کر غیر جانبدار ٹیم بنائیں۔