پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان پر اپنے سرمایہ دار دوستوں کو ایمنسٹی دینے کا الزام لگا دیا۔
اپنے بیان میں بلاول کا کہنا تھاکہ دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ لگانے والے نے امیروں کیلئے الگ اورغریبوں کیلئے الگ پاکستان بنادیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کی ایمنسٹی اسکیموں میں ٹیکس چوروں کیلئے ریلیف ہے اور ٹیکس دینے والے تنخواہ دار طبقے کیلئے مہنگائی ہے، کیا مزدوروں اور کسانوں سے سبسڈی چھین کر صرف امیر طبقے کو نوازنہ عمران خان کی تبدیلی ہے؟
بلاول کا کہنا تھاکہ عمران خان کے معاشی اقدامات کا فائدہ صرف اور صرف ملک کے مخصوص سرمایہ دار خاندانوں کو ہورہا ہے، عمران خان ایک ہاتھ سے اپنے سرمایہ دار دوستوں کو بے نامی جائیدادوں کو قانونی کرنے کی ایمنسٹی دیتے ہیں اور دوسرے ہاتھ سے مہنگی بجلی کا آرڈیننس جاری کردیتے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھاکہ نئے پاکستان میں سرمایہ دار اور صنعت کار صارفین سے ٹیکس وصول کرکے خود ایمنسٹی اسکیموں سے فائدہ اٹھارہے ہیں جبکہ انکم ٹیکس کے دائرے میں بھی نہ آنے والے 8 کروڑ سے زائد عام پاکستانی موبائل فون پر 12.5 فیصد تک پیشگی انکم ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہیں۔