سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف مبینہ سازش سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جسٹس فائز کیخلاف ایف آئی اے میں کیس کا اندراج چاہتے تھے۔
ایک انٹرویو میں بشیر میمن نے انکشاف کیا کہ جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف انکوائری کیلیے شہزاد اکبر نے انہیں کہا اور فروغ نسیم نے ان کی حمایت کی۔
بشیر میمن نے کہا کہ کہ وزیراعظم کے اسٹاف کے ایک سینئر رکن نے مجھے فون کرکے کہا کہ وزیراعظم نے آپ کو بلایا ہے، جب ملنے گیا تو ایسٹ ریکوری یونٹ کے سربراہ اور وزیراعظم کے مشیر احتساب شہزاد اکبر پہلے سے موجود تھے، اعظم خان اور شہزاد اکبر مجھے لے کر وزیراعظم آفس میں گئے جہاں عمران خان نے مجھ سے کہا کہ تم پہلے بھی بڑے اچھے کیس بناتے رہے ہو ، اس کیس میں بھی ہمت کرنا اوراچھا کیس بنانا۔
بشیر میمن نے دعویٰ کیا کہ بعدازاں شہزاد اکبر کے دفتر میں جاکر انہیں پتہ چلا کہ وزیراعظم جسٹس فائز کے خلاف کیس بنانے کی بات کررہے تھے۔ اس پر میں نے حیرانی سے شہزاد اکبر اور اعظم خان سے کہا کہ آپ جسٹس فائزاوران کی اہلیہ کے خلاف ایف آئی اے کی تحقیقات کی بات کررہے ہیں، آپ کی طبیعت تو ٹھیک ہے۔
شہزاد اکبر نے بشیر میمن کے الزامات کی تردید کر دی
دوسری جانب شہزاد اکبر نے بشیر میمن کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بشیر میمن کو جسٹس فائز کے معاملے پر وزیراعظم یا مجھ سے ملاقات کے لیے کبھی نہیں بلایا گیا، نہ ہی ان کی وزیر قانون فروغ نسیم سے کوئی ملاقات ہوئی، انہیں کسی شخصیت کے خلاف کوئی کیس شروع کرنے کا کبھی نہیں کہا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرٹویٹ کرتے ہوئے شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ میں نے کچھ دیر قبل بشیر میمن کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو دیکھا جو مکمل طور پرغلط ہیں،جسٹس قاضی فائز عیسی کے حوالے سے انہیں کبھی وزیراعظم یا مجھ سے ملاقات کے لیے نہیں بلایا گیا۔میری ان سے وزیرقانون کے ساتھ کبھی کوئی میٹنگ بھی نہیں ہوئی اور نہ ہی انہیں کبھی کسی کے خلاف مقدمات شروع کرنے کا کہا گیا۔شہزاد اکبر کا کہنا تھا میرے حوالے سے بولے گئے جھوٹ پر بشیر میمن کے خلاف کارروائی کے لیے اپنے وکلاکو ہدایات دے دی ہیں۔
بشیر میمن سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔ فروغ نسیم
وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ سابق ڈی جی فیڈرل انویسٹی گیشن اتھارٹی (ایف آئی اے ) بشیر میمن کے لگائے گئے الزمات بے بنیاد ہیں جن کی تردید کرتا ہوں۔
روغ نسیم کا کہنا تھا کہ بشیر میمن سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، اعظم خان ایک مرتبہ قانونی اصلاعات پر بات کے لیے میرے آفس آئے تھے ،شہزاد اکبراور بشیر میمن کبھی میرے آفس میں نہیں آئے۔ وزیراعظم عمران خان، اعظم خان یا شہزاد اکبر نے مجھے کبھی نہیں بتایا کہ انہوں نے بشیر میمن سے جسٹس عیسیٰ سے متعلق بات کی ہے۔