پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ رمضان کے بعد ہم پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم پہلے بھی میدان میں تھے، اب بھی ہیں اورآگے بھی رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جب تنہا تھے تب بھی ملک کی سیاست پر چھائے ہوئے تھے، اب بھی اگرکوئی اکا دکا ادھر ادھر ہو جائے تو پرواہ نہیں کرنی چاہیے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ آج کشمیر کا سودا کرکے کشمیریوں کو دشمن کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا، قوم کے مستقبل کے فیصلے منافقت کے ساتھ اور چوری چھپے کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کو تباہ کر دیا گیا ہے، آج ہم ہر مسئلے پر مفاہمت کے راستے ڈھونڈھ رہے ہیں، اسی مفاہمت کی بنیاد پر قوم کے فیصلے کیے جا رہے ہیں۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ ہمیں ایسی قیادت کو آگے لانا ہوگا جس پر قوم اعتماد کرے۔