وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے زراعت تشکیل دے دی گئی۔
نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے زراعت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سیکیورٹی جمشید اقبال چیمہ کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کمیٹی کے رکن ہوں گے جبکہ ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹرعابد سلہری کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزارت خوراک، خزانہ، صنعت وپیداوار اورتجارت کے نمائندے کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ کمیٹی زراعت کی بحالی کیلئے سفارشات تیار کرے گی اور ایگری کلچرل ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی نجی شعبہ کے ماہرین کی خدمات بھی حاصل کرسکے گی جبکہ کمیٹی متعلقہ وزارتوں، محکموں اور آرگنائزیشنز کو ہدایات جاری کرے گی۔