فیصل واوڈا کے استعفے سے خالی ہونیوالی نشست این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے۔پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
ضیاء کالونی کے پولنگ اسٹیشن نمبر 256 میں آج صبح پہلا ووٹ کاسٹ کیا گیا۔این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پورے حلقے میں صبح سے ہی گہما گہمی نظرآ رہی ہے۔
مختلف پولنگ اسٹیشنوں کے باہر ووٹرز کی قطاریں لگ گئیں، ماسک اور شناختی کارڈ نہ ہونے پر بعض ووٹرز کو واپس بھیج دیا گیا۔ضمنی انتخاب میں جنگل اسکول، بلدیہ ٹاؤن کے ووٹرز کو ووٹ کاسٹ کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ووٹرز نے شکوہ کیا کہ پولنگ کیمپ کی لسٹ میں نام ہے، پولنگ اسٹیشن کی فہرست میں فرق ہے، پرچی پر اسکول کا نام نہ لکھا ہونے پر واپس بھیجا جا رہا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر انور اعجاز چوہان نے حلقے کے مختلف پولنگ اسٹیشنزکا دورہ کیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر انور اعجاز چوہان نے بتایا کہ منتخب نمائندے اس حلقے میں نہیں آ سکتے، یہاں ایک ایم پی اے موجود تھے انہیں یہاں سے جانے کا کہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ووٹنگ کا تناسب کم ہے، ووٹرز آہستہ آہستہ آ رہے ہیں، کورونا وائرس کی ایس او پیز کا خیال رکھا جا رہا ہے۔