تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے کالعدم قرار دیے جانے کے حکومتی فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل دائرکردی۔
ٹی ایل پی نے سیکریٹری داخلہ کے پاس دائر کردہ اپیل میں موقف اختیار کیا کہ تحریک لبیک پاکستان الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے جس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، اس پرعائد کردہ پابندی بلاجواز ہے جسے ختم کیا جائے۔ سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں ٹی ایل پی کی اپیل کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کل طلب کرلیا گیا۔
توہین رسالت پر فرانسیسی سفیر کو ملک بدرکرنے کے مطالبے پر احتجاجی مظاہروں کے بعد رواں ماہ وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا تھا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجی گئی سرکلر سمری وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے بھی منظور کرلی تھی۔ ٹی ایل پی کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کالعدم قرار دیا گیا ہے۔