ایم ایس ایف پاکستان کے مرکزی صدر رانا محمد ارشد نے کراچی کے ضمنی انتخاب میں مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) سندھ کی قیادت اور کارکنان کی طرف سے زبردست انتخابی مہم چلانے پر صوبائی صدر یاسر عدیل شیخ، صوبائی جنرل سیکریٹری عاقب خان تنولی، ڈویژنل صدر سردار محمد سہیل اور ایم ایس ایف(ن) کے کارکنوں کو مبارکبا د دیتے ہوئے کہا ہے کہ حلقہ NA-249 کے ضمنی انتخاب کے جھرلو نتائج کسی صورت قبول نہیں کئے جائیں گے. پاکستان مسلم لیگ(ن) کی کامیابی پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو بھی ڈسکہ ضمنی انتخاب کے ڈاکوؤں کی طرح بے نقاب کریں گے.
انہوں نے کہا کہ سرکاری وسائل اور نوٹوں کی بوریوں کے منہ کھولنے کے باوجود 683 ووٹ بھی بھی اصلی نہیں. انتخابی نتائج کو چیلنج بھی کریں گے اور اپنی نشست دوبارہ حاصل بھی کریں گے. پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سندھ کے عوام میں زبردست پذیرائی سے خوفزدہ قوتوں نے اتحاد کر کے مسلم لیگ(ن) کی نشست چھیننے کی ناکام کوشش کی ہے جسے قانونی چارہ جوئی کے ذریعے الیکشن کمیشن میں ثابت کریں گے. رانا محمد ارشد نے کہا کہ حلقہ249 کراچی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی کامیابی کے اعلان پر اس حلقے کے ووٹر بھی حیران ہیں. جس امیدوار کو اس کی اپنی جماعت میں کوئی نہیں جانتا اسے الیکشن کمیشن نے رکن قومی اسمبلی بناکر حلقے کے ووٹرز کے ساتھ کھلا دھوکا کیا ہے.
انہوں نے کہا کہ مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) سندھ کی بھرپور انتخابی مہم کے آغاز میں ہی یہ یقین ہوگیا تھا کہ میاں محمد نواز شریف کے شیر مفتاح اسماعیل کی کامیابی یقینی ہے. حلقے میں کامیاب جلسوں اور مفتاح اسماعیل کی زبردست انتخابی مہم کے بعد تمام مخالفین میدان سے غائب ہوچکے تھے لیکن الیکشن کے دن الیکشن کے عملے، سرکاری وسائل اور نوٹوں کی بوریوں نے آخری نمبر کے کھلاڑی کو کامیاب قرار دے کر انتخابی عمل کو مشکوک بنا دیا ہے.
رانا محمد ارشد نے کہا کہ مسلم اسٹودنٹس فیڈریشن(ن) سندھ کے صدر یاسر عدیل شیخ کی فعال اور متحرک قیادت میں کامیاب انتخابی مہم اس بات کی ضمانت بن گئی ہے کہ سندھ میں کسی بھی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کو شکست دینا ناممکن ہوگا.
ایم ایس ایف(ن) سندھ کے صدر یاسر عدیل شیخ نے ضمنی انتخاب کے بارے میں تفصیلی رپورٹ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی کا ضمنی انتخاب جیت چکی ہے. ہماری کامیابی کو شکست میں بدلنے کے لئے سرکاری وسائل اور سندھ کے سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال کیا گیا لیکن ہم الیکشن کمیشن کے جعلی اور مفروضوں پر مبنی نتائج کسی صورت قبول کرنے کو تیار نہیں. کراچی کا حلقہNA-249 میاں محمد نواز شریف کے چاہنے والوں کا ناقابل تسخیر قلعہ ہے جہاں سے ماضی میں پاکستان مسلم لیگ(ن) قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں جیتتی رہی ہے اور مستقبل میں بھی یہ حلقہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کا گڑھ رہے گا.