وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) سیالکوٹ سونیا صدف کو بازار میں سب کے سامنے ڈانٹ پلادی،
سیالکوٹ میں سستے رمضان بازاروں میں ناقص اشیا کی فروخت پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اے سی سیالکوٹ سونیا صدف کو سب کے سامنے کھری کھری باتیں سنا دیں۔ انہوں نے سونیا صدف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ تمہیں کس بے غیرت نے اسسٹنٹ کمشنر لگا دیا، افسر شاہی کی کارستانیاں حکومت بھگت رہی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف حسان خاورنے ایک ویڈیو شیئرکی جس میں فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ میں بازارکا دورہ کررہی ہیں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ بھی لے رہی ہیں ۔
اس دوران فردوس عاشق اعوان نے سونیا صدف کو بازار میں سب کے سامنے ڈانٹ دیا اور کہا کہ افسر شاہی کی کارستانیاں حکومت بھگت رہی ہے، آپ اے سی ہیں تو عوام کا سامنا کریں چھپ کیوں رہی ہیں؟فردوس عاشق کا کہنا تھاکہ ہر شہرکے رمضان بازار کا دورہ کیا مگر سب سے برا حال سیالکوٹ کا ہے، آپ کی حرکتیں ہی اسسٹنٹ کمشنر والی نہیں۔ڈانٹ ڈپٹ کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف غصے سے پنڈال سے باہر نکل گئیں۔
کسی کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ سرکاری افسران کی تذلیل کرے۔چیف سیکریتری پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی جانب سے سیالکوٹ کی اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کو ڈانٹنے پر چیف سیکریٹری پنجاب جواد رفیق ملک کا رد عمل بھی سامنے آگیا۔ان کاکہنا ہے کہ کسی کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ سرکاری افسران کی تذلیل کرے، افسوس ناک واقعے سے متعلق تحفظات وزیراعلیٰ پنجاب تک پہنچا دیے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ان کا کہناتھا کہ سیالکوٹ کے رمضان بازارمیں انتظامی افسرسے غیرمہذب برتاو¿کی مذمت کرتے ہیں، اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف اور دیگر انتظامی افسران کورونا وباکے باوجود فرنٹ لائن پر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری افسریاعملے سے غیر اخلاقی زبان استعمال کرنا قابل مذمت ہے،پنجاب بھرمیں انتظامی افسران عوام کی سہولت کے لیے فیلڈمیں ہیں جوقابل ستائش ہے۔