پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی سے دوچار ہیں اور عمران خان فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا پوری قوم نے دیکھا کل کیسے عمران صاحب سائیکل پر پروٹوکول کے بغیر بازاروں کا دورہ کیا، رمضان میں عوام بدترین اور تاریخی مہنگائی سے دو چار ہیں اور عمران صاحب گانے لگا کر فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گانے لگا گر، فلم کی شوٹنگ کروا کر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی گئی، عوام کو پاگل سمجھ رکھا ہے کیا؟
ن لیگ کی ترجمان نے کہا کہ عمران صاحب وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر پہلے سبزیاں فروٹ سمیت تمام اشیا مہنگی کرتے ہیں پھر بازاروں میں فلمی انداز میں میڈیا سٹنٹ کرکے عوام سے ڈرامے کرتے ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب گانے لگا کر بازاروں کے دورہ کی فلم نشر کر کے مہنگائی کم اورعوام کو ریلیف نہیں دیا جا سکتا، عمران صاحب آپ کی ماڈلنگ سے آٹاچینی بجلی گیس دوائی کی قیمتوں میں کمی نہیں آتی
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آپ کے فوٹوگرافر کو تو ایوارڈ تو دیاجاسکتا ہے لیکن بے چاری عوام کو ریلیف نہیں دیا جاسکتا، قوم کو امید تھی کہ آج آٹا ، چینی ، روٹی ، انڈے، گوشت ، سبزیاں ، پھل سستے ہو گئے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ گانے لگا کر وڈیوز ریلیز کرکے آپ نے عوام کے جذبات اور مہنگائی کی قیامت ٹوٹنے پر ان کا مذاق اڑایا ہے، عمران صاحب آپ کی فلم کی شوٹنگ سے کیا گیس بجلی آٹے چینی کی قیمت کم ہوئی؟
مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ کی فلم کی شوٹنگ سے کیا پھلوں کی قیمت میں کمی آئی؟ عوام کے بجائے آر ٹی ایس بٹھا کراور الیکڑانک ووٹنگ مشین سے ووٹ لینے والے اسی طرح کی حرکتیں کرتے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ جن کا پلان الیکڑانک ووٹنگ مشین سے ووٹ لینا ہو عوام سے نہیں اُن کی ترجیح مہنگائی کم کرنا اور روزگار دینا نہیں ہوتا، حکومت کی ترجیح ہرروز نت نئے ڈرامے کرنا ہے، مہنگائی کم کرنایا عوام کو ریلیف دینا نہیں۔