وزیراعلیٰ پنجاب کی مشیر اطلاعات فردوش عاشق اعوان کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کو رمضان بازار میں شدید سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے ڈانٹنے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس پر مریم نوازشریف کا ردعمل سامنے آیا اور انہوں نے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا لیکن اب فردوس عاشق اعوان نے تنقید کا جواب دیتے ہوئے بیان جاری کر دیا۔
فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ شاہی خاندان کی جعلی راجکماری کے نزدیک ان کے ابا جی، چچا اور رانا ثنااللہ کی بیوروکریٹس اور انکی اولادوں کو دی گئی دھمکیاں حلال جبکہ اے سی کی دانستہ کوتاہی کی نشاندہی کرنا حرام ہے! عوام جان چکے شاہی خاندان کے کرپٹ لٹیروں کا مقصد کرپشن بچانا جبکہ ہمارا مقصد عوامی مفاد کا تحفظ ہے!
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت مافیا کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔ کھوکھلے دعووں سے میڈیا کے سامنے شوبازیوں کے برعکس بزدار حکومت حقیقی عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے، چھاپہ مار کارروائیوں میں ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں کی گرفتاریاں، جرمانے اور مقدمات کا اندراج کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ مریم نواز نے کہا تھا کہ سول سرونٹس اور بیوروکریٹس پڑھ لکھ کر، محنت کرکے، مقابلے کے امتحان پاس کرکے اس مقام تک پہنچتے ہیں، SELECT ہو کر نہیں آتے۔ وزیر ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کو افسران کی تذلیل کا لائسنس مل گیا ہے۔ یہ رعونت قابل قبول نہیں۔ سونیا صدف سے معافی مانگیے۔