وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے این اے249 میں دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے، حالانکہ اس حلقے میں دوبارہ پولنگ ہونی چاہیے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 88 فیصد کورونا ایس اوپیز پر عمل ہو رہا ہے۔ کراچی کے اثرات سارے ملک میں جاتے ہیں۔ آج سب سے زیادہ اموات پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کراچی کے حلقے این اے 249 میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کو دیکھنا ہوگا کہ نوبت یہاں تک کیوں آئی؟ پی ٹی آئی کامطالبہ ہے دوبارہ پولنگ کی جائے، دوبارہ گنتی کا فائدہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اووسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے دائرے میں لانا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا نہیں چاہتی ہیں۔ الیکشن کمیشن اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کیلیے کام کرے گا۔ الیکشن کمیشن ای وی ایم مشین استعمال کرسکے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن نےانتخابات میں ایس اوپیز پر عمل درآمد نہیں کیا۔ ہم الیکشن کمیشن پر تنقید نہیں کررہے لیکن اس پر عمل کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں بھی الیکشن کمیشن کوذمہ دارانہ رویہ اختیارکرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے 4 حصے ہیں، جن میں سے ایک الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہے۔ انتخابی اصلاحات کادوسراحصہ ای ووٹنگ ہے۔ ای ووٹنگ بنیادی طورپراوورسیز پاکستانیوں کیلیے ہے۔ ای وی ایم مشین سے 20 منٹ میں پورے حلقے کا نتیجہ آجائے گا۔ ای ووٹنگ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق ملے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کم ووٹوں کے ساتھ اسمبلی میں آجانا تماشا لگتا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلیے بھی 24 سفارتخانوں میں ڈیسک قائم کررہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو اختیار دیا ہے کہ ای وی ایم مشین استعمال کر سکے گا۔ بائیو میٹرک پر ابھی ٹیکنالوجی کا کام مکمل ہونا باقی ہے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ نابالغ قیادت کو پارلیمان کی اہمیت کا اندازہ نہیں ہے۔ مریم اور بلاول جیسی نابالغ قیادت ہم پر مسلط ہوگئی ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاست خاتمے کےقریب ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عید کی چھٹیوں میں لاک ڈاؤن کا مقصد مثبت کیسز میں کمی لانا ہے۔
وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے 2 آرڈیننس کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے قیدیوں کی سزا میں 90 روز کمی کی منظوری دے دی۔ معافی کا اطلاق سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے این ای ڈی انجینئیرنگ یونیورسٹی کراچی کے 100 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری کرنے کی منظوری دے دی
فواد چوہدری نے کہا کہ وراثت سرٹیفکیٹ کیلیے عدالت جانے کی ضرورت نہیں رہی۔ نادرا فیملی ٹری دیکھ کر وراثت سرٹیفکیٹ جاری کرسکے گا۔