وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ30 سال حکومت کرنے والے حساب دینے کو تیار نہیں اور شور مچایا ہوا ہے۔ پاکستان کوایلیٹ کلاس نے اپنے قبضے میں لیا ہوا ہے، ہمارا انصاف کا نظام طاقتورکو نہیں پکڑسکتا۔
لاہور پنجاب پیری اربن ہاؤسنگ منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کہنا تھا کہ پوری دنیا میں کورونا کی وبا سے لوگ پریشان ہیں، ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں کورونا کی وجہ سے لوگ سڑکوں پر مر رہے ہیں، ہم کورونا کی تشویشناک صورتحال سے گزر رہے ہیں، کورونا کے پہلے دو فیز میں اللہ نے بڑاکرم کیا، کورونا کے حوالے سے اگلے2 ہفتے ہمارے لئے بہت اہم ہیں، ہم نے کورونا کیسز کی شرح کو نیچے لے کر آنا ہے، سب کو تاکید کروں گا سب ماسک پہنیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک چھوٹی سی ایلیٹ کلاس نے اپنے قبضے میں لیا ہوا ہے، جیل میں صرف غریب لوگ جاتے ہیں جن کے پاس وکیل کیلیے پیسے نہیں، جب کہ ہمارا انصاف کا نظام طاقتور ڈاکو کو نہیں پکڑ سکتا، طاقتورکرپشن کا حساب کتاب دینےکوتیارنہیں، پی ڈی ایم یونین این آراو مانگنے لگی ہوئی ہے، ہم نے طاقتورکوقانون کے نیچےلاناہے۔
عمران خان نے کہا کہ ماضی میں عام آدمی کی رہائش کے حوالے سے نہیں سوچا گیا، آدھا کراچی کچی آبادیوں پر مشتمل ہے جہاں غریب لوگ رہائش پذیر ہیں، پاکستان میں صرف صفراشاریہ دو فیصدلوگوں کوگھروں کیلیےقرضہ دیاجاتاہے، زراعت میں ابھی ہم نئی تکینکس نہیں لائے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آج پاکستان میں 30 سال سے حکومت کرنے والے اکٹھے ہو گئے ہیں اور30 سال سے حکومت کرنے والے حساب دینے کو تیار نہیں، شور مچایا ہوا ہے او این آر او مانگ رہے ہیں لیکن اب کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ سرکار مدینہ نے کہا تھا کہ بیٹی بھی چوری کرے گی تو سزا ملے گی، مدینہ کو فلاحی ریاست بنایا گیا تھا۔