قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کراچی سے مسلم لیگ نون کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے این اے 249 کراچی میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی روکنے کی درخواست الیکشن کمیشن آف پاکستان میں دائرکردی۔
لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا کہ کراچی کے حلقہ این اے 249 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی فوری روکی جائے۔ لیگی رہنما نے اپنے خط میں موقف اپنایا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر ہمیں متعلقہ ریکارڈ نہیں دکھا رہااور نہ ہی انہوں نے فارم 46 دیکھنے کی اجازت دی ہے۔
مفتاح اسماعیل نے خط میں لکھا کہ غیر استعمال شدہ بیلٹ پیپر اور بغیر دستخط والے فارمز بھی دیکھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ایک سے زیادہ بیلٹ پیپرز والے بیگز کھلے ہوئے تھے ان کی سیل نہیں تھی۔ ریٹرننگ آفیسر کے رویے کی وجہ سے پیپلز پارٹی کے علاوہ باقی تمام جماعتوں نے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کردیا ہے۔