معاون خصوصی فردوس عاشق اور اے سی سیالکوٹ سونیا صدف کےدرمیان تلخ کلامی کے معاملے کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوادی گئی۔
ذرائع کے مطابق فردوس عاشق اعوان اور سونیا صدف کے درمیان تلخ کلامی کے واقعےکی تحقیقات کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی تھی، اس ٹیم نے ابتدائی رپورٹ میں سونیا صدف کو قصوروار قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ انتظامی طور پر رمضان بازار میں اے سی سیالکوٹ کی کوتاہی نظر آئی، اشیا کا معیارچیک کرنے کی بجائے وہ اپنی گاڑی میں بیٹھی رہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ فردوس عاشق اور اسسٹنٹ کمشنر کے درمیان سخت تکرار کی وجہ سونیا صدف کا رویہ تھا، سستے رمضان بازار میں ناقص معیار کے پھل موجود تھے جب کہ چینی کے حصول کیلئے بھی ضعیف افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔