سندھ حکومت نے صوبے کے تمام پرائیویٹ ہسپتالوں میں شہریوں کو مفت کورونا ویکسین کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا اور ہدایات پرعمل نہ کرنے والے ہسپتالوں کا آپریشنل لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر این سی او سی نے نجی سپتالوں میں عوام کی مفت کورونا ویکسی نیشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اب سرکاری سپتالوں کے ساتھ ساتھ تمام نجی ہسپتالوں میں بھی کورونا کی ویکسین مفت لگائی جائے گی۔
اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ نے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن کے سی ای او کو بھی ہدایات دے دی ہیں کہ تمام نجی ہسپتالوں میں عوام کی مفت کورونا ویکسی نیشن کی جائے، محکمہ صحت سندھ نجی ہسپتالوں کو مفت ویکسی نیشن فراہم کرنے کا پابند ہوگا، نجی ہسپتالوں میں احکامات پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، احکامات پر عمل نہ کرنے پر ہسپتال کا آپریشنل لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔
محکمہ صحت سندھ کے اقدام پر ینگ ڈاکٹرکی تعریف
ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن نے محکمہ صحت سندھ کی جانب سے نجی اسپتالوں کو مفت کورونا ویکسی نیشن کے لیے پابند کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ حکومتی احکامات پر من وعن عمل بھی کیا جائے گا۔
حکومت سندھ نے 60 سال سے زائد عمر، بیمار و معذور افراد کو ان کے گھروں پر ہی کورونا ویکسین لگانے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، محکمہ صحت سندھ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ غیر سرکاری تنظیم امن ہیلتھ کے تعاون سے گھرگھر جاکر کورونا ویکسی نیشن کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا، گھروں ویکسین لگانے کا عمل ابتدائی طور پرکراچی اور حیدرآباد میں شروع کیا جائے گا۔