معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہبازشریف کیس میں عدالت کو درست حقائق نہیں بتائے گئے،ن لیگ کے کچھ لوگ عدالتوں اورعوام کوگمراہ کررہے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو لندن جانے سے روکنے پر تاثر دیا جارہا کہ حکومت عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کررہی جب کہ ایسا نہیں۔ شہباز شریف کا نام پی این آئی لسٹ میں ہے جبکہ عدالت کا حکم بلیک لسٹ کے متعلق ہے۔ شہبازشریف کے بیرون ملک جانے کے فیصلے کیخلاف اپیل دائرکریں گے اوران کے خلاف تمام ثبوت عدالت میں پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اشتہاری ہیں، انہیں واپس لانا ضروری ہے،نوازشریف کیخلاف کرپشن کے دستاویزی ثبوت عدالت میں پیش کیے ہیں،مسلم لیگ(ن ) والے ذاتی ملازمین کو وکیل کے طور پر پیش کردیتے ہیں۔ان سے پوچھنا چاہیئے کہ منظور پاپڑ والے سے آپ کا کیا تعلق ہے؟،نواز شریف نے آج تک نہیں بتایا کہ ان کے لندن فلیٹس خریدنے کے ذرائع کیا ہے۔