پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم سیاسی راستے بند نہیں کرنا چاہتے ، پیپلزپارٹی مخالفین کیساتھ بھی بات چیت کے راستے بند نہیں کرتی ، پی ڈی ایم کے مستقبل سے متعلق مولانا فضل الرحمن بتا سکتے ہیں ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم )بنائی تھی اس لئے ہماری مشاورت کے بغیرفیصلے کرنادرست نہیں تھا،اپوزیشن الائنس کے کچھ دوستوں نے غیرذمہ داری کامظاہرہ کیا، ہمیں بھیجے جانے والے شوکازنوٹس پرہم نے کہاتھاکہ معذرت کی جائے، پی ڈی ایم کے مستقبل سے متعلق مولانا فضل الرحمن بتا سکتے ہیں۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آئین کے تحت ملک کے ادارے کام کریں، آئین کے تحت کام کرنے سے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے ، جمہوریت کے بغیرملک آگے نہیں بڑھ سکے گا، پیپلزپارٹی نے آئین بنایا ، ہم چاہتے ہیں ملک میں قانون کی بالا دستی ہو۔
پارٹی کی جانب سے کی جانے والی نئی تنظیم سازی کے متعلق پی پی رہنما کا کہناتھا کہ ہم سب پارٹی کے کارکن ہیں،اور رہیں گے ،ہم نے تین سال کے لیے تنظیمیں بنائی تھیں ، پارٹی نے جتنی ذمہ داریاں دیں پوری کیں ، پارٹی کے اندر عہدے تبدیل ہوتے رہتے ہیں ۔