سربراہ جمعیت علماءاسلام (ف) کے قائد اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے عید کے بعد فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے نماز عید و اجتماعات جمعہ میں بھی بھرپور آواز اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے اپیل کی ہے کہ پوری پاکستانی قوم اور امہ عید و نماز جمعہ کے اجتماعات میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے صدائے احتجاج بلند کریں۔
سربراہ پی ڈی ایم کا کہناتھا کہ اسرائیلی جارحیت اور ظلم پر خاموش رہنے والے مسلم ممالک دراصل اسرائیل کے ظلم کے حامی بن رہے ہیں ،مسلم امہ کیوں خاموش ہے، او آئی سی کی خاموشی کیوں ہے؟اقوام متحدہ نے کیوں آنکھیں بند کر رکھی ہیں؟ انسانی حقوق کے ادارے کیوں خاموش ہیں؟۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام عالمی ادارے انسانی حقوق کے پاسبان نہیں یہ انسانی حقوق کو بیچنے والے ادارے بن چکے ہیں۔