وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام تاحال ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا۔
شیخ رشید کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سمری وفاقی کابینہ سے وزارت داخلہ کو ابھی تک موصول نہیں ہوئی، سمری پیر یا منگل کو وزارت داخلہ کو موصول ہو سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف والے کیس میں 14 ملزمان پہلے ہی ای سی ایل پر ہیں، شہباز شریف کے خاندان کے 5 افراد کیس میں مفرور ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نواز شریف کے ضامن ہیں، شہباز شریف کو نواز شریف کو وطن واپس لانا چاہیے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم کو عید کے روز بھی شہباز شریف کا خوف کھائے جا رہا ہے اس لیے انہوں نے انتقامی کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی۔