شیخ رشید نے فیصل مسجد کا دورہ کیا ، نمازجنازہ اور تدفین کے انتظامات کا جائزہ لیا۔فائل فوٹو
شیخ رشید نے فیصل مسجد کا دورہ کیا ، نمازجنازہ اور تدفین کے انتظامات کا جائزہ لیا۔فائل فوٹو

قوم الیکشن کی طرف جارہی ہے، کچھ علاقوں میں تیاریاں شروع ہوگئیں

وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب کامیاب ترین قرار دے دیا اور کہا یہ فطرانے یا چاولوں کا مسئلہ نہیں بلکہ خطے کی سیاست کیلئے اہم ہے۔
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں عید الفطر کے بعد بڑے فیصلے ہوں گے۔ انھوں نے بتایا کہ نیب نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سمری بھیجی تھی لیکن کیبنٹ سرکولیشن سے ابھی تک سمری موصول نہیں ہوئی۔ کابینہ سے سمری آئے گی اور آئین و قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا۔
وزیرداخلہ نےبتایا کہ حدیبیہ کیس میں شریف خاندان کے5 لوگ مفرور ہیں اور یہ کیس آرٹیکل 25 کے تحت چلایا جائے گا اور دو سے تین دن میں اس کا فیصلہ ہوجائے گا۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف لندن نہیں بلکہ قطر جارہے تھے۔نون لیگ کی قیادت کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے۔ یہ وہ لیڈر ہیں جو ملک سے بھاگ کر لندن میں مزے سے رہ کر سیاست کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ شہباز شریف بھی جائیں گے مگر واپس نہیں آئیں گے۔
مخالفین سے متعلق شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ عید کے بعد اپوزیشن کچھ نہ کچھ تو ضرور کرے گی۔ اس سیاسی مہم کو کسی حادثے سے گزارنا بھی تو ہے۔ قوم الیکشن کی طرف جارہی ہے اور کچھ علاقوں میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔عمران خان اپوزیشن کے آگے دیوار چین بن کر کھڑے ہوں گے۔
دورہ سعودی عرب سے متعلق انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب کامیاب رہا۔مستقبل میں پاکستان اور سعودی عرب مل کر بہت اہم کردار ادا کرنے جارہے ہیں۔
شیخ رشید نے امید ظاہر کی کہ جہانگیر ترین گروپ بجٹ میں عمران خان کی حمایت کرے گا اورعمران خان کوسیاسی طور پر جہانگیر ترین کوئی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔