وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے ورچوئل اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے فلسطینیوں پر حملے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں ، ہم فلسطینیوں اظہار یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں ۔
وزیر خارجہ نے ہنگامی اجلاس طلب کرنے پراوآئی سی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر عمران خان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز،ترک صدر سے بات کی ،اسرائیلی فورسز نہتے فلسطینوں کو نشانہ بنا رہی ہیں ،اسرائیل کی جارھیت ختم ہونی چاہیے،پاکستان مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آبادی کے توسیع پر تشویش ہے ، فلسطین کے عوام بہادری سے جائز حقوق کا دفاع کر رہے ہیں ،پاکستان نے ہمیشہ عالمی سطح پر فلسطین کی حمایت کی ، اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے تحت مسئلے کا دو ریاستی حل چاہتے ہیں ۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی قابض فورسزکے طاقت کے وحشیانہ استعمال پر حیرت زدہ ہیں ، او آئی سی اسرائیلی جارحیت رکوانے میں فوری کردار ادا کرے ۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے،پاکستان فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے،او آئی سی اسرائیلی جارحیت رکوانے کیلیے ہر ممکن قدم اٹھائے۔