ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں 24گھنٹے میں 26فیصد تک مثبت کیسز سامنے آئے ہیں ،کورونا سے بچنے کیلیے شہری حفاظتی اقدامات کریں ، ماسک پہنیں ، 30سال سے زائد عمر کے افراد کیلیے بھی کورونا ویکسی نیشن کا آغازہو چکا ہے ، زیادہ سے زیادہ عوام ویکسین لگوائیں ۔
مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حیدر آباد میں 24گھنٹوں میں 11.8فیصد مثبت کیسز آئے ، حکومت کو دوبارہ سخت فیصلوں پر مجبور نہ کیا جائے ، سندھ حکومت کو پابندیاں لگانے کا شوق نہیں ہے ، اگر کیسز میں کمی نہ آئے تو سخت اقداما ت پر مجبور ہوںگے ۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھاکہ بھارت میں جب حالات بے قابو ہوئے تو سب سے زیادہ مشکل آکسیجن کی پیش آئی ،ہمیں آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ،جامشورو میں آکسیجن کا پلانٹ لگایا جس سے اب آکسیجن حاصل کی جا رہی ہے ، جامشورو پاور کمپنی دو لاکھ 68ہزار لیٹر آکسیجن پیدا کرے گی، مقامی سطح پر آکسیجن بنانے اور بڑھانے کا طریقہ موجود ہے ، اس سے فائدہ اٹھایا جا سکتاہے ،حکومت نے انتطامیہ کو آکسیجن کے متبادل ذرائع پیدا کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ کراچی میں بن قاسم پلانٹ سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے ۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران 31 ہزار افراد نے ویکسی نیشن کرائی ،ویکسین لگانے سے متعلق منفی باتوں پر توجہ نہ دیں اور ویکسین ضرور لگوائیں ، اللہ کا شکر ہے کہ ابھی تک ویکسین کا کوئی سائیڈ ایفیکٹ سامنے نہیں آیا،جمعرات کو دوبارہ کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوگا ،ا گر حالات بہتر نہ ہوئے تو سخت فیصلے لیں گے ۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کشمور والے واقعے کو سیاسی نہیں کرنا چاہئے ، کشمور میں اسلحہ بلوچستان سے آیا، پولیس اسلحے سے متعلق دیکھ رہی ہے ، اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے ۔