محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان تاؤتے کے لیے دسواں اورآخری الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان تاؤتے بھارتی گجرات سے ٹکرانےکے بعد کمزور ہوگیا ہے، سمندری طوفان راجستھان میں موجود ہے اور شدید بارشیں جاری ہیں۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہوکر کل شام تک ختم ہوسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سمندری طوفان بھارتی گجرات سے ٹکرانےکے بعد کچھ کمزور ہوا ہے، شدید سمندری طوفان بھارتی گجرات میں موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان راجستھان، لکھنؤ، دلی اور دیگر علاقوں میں ہوا کے کم دباؤ کی صورت بڑھے گا، طوفان ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہوکر کل شام تک ختم ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان پاکستان کے ساحلوں کو کوئی خطرہ نہیں تاہم تھرپارکراورعمر کورٹ میں کچھ مقامات پرآج شام تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، تھرپارکراورعمر کورٹ میں ہوائیں 30سے50کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، آج شام تک سمندر میں طغیانی کی کیفیت رہے گی ماہی گیر سمندر میں نہ جائیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موسم آج بھی شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔