جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے پنجاب کے بعد اب خیبرپختونخوا میں بھی انٹری دیدی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی میں جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے پنجاب کے بعد اب خیبر پختونخوا میں بھی انٹری دے دی ہے۔ خیبر پختونخوا کے ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ہم خیال گروپ کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر راجہ ریاض کو ٹاسک سونپا گیا ہے۔
اس حوالے سے راجہ ریاض نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم خیال گروپ کو خیبرپختونخوا سے 5 ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل ہوگئی ہے تاہم ان کے نام وقت آنے پرہی بتائیں گے، اس کے علاوہ مزید ایم این ایز سے بھی رابطے میں ہیں۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں گروپ کی فی الوقت ضرورت نہیں تاہم وقت پڑنے پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی گروپ بناسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات لاہور میں جہانگیرترین نے اپنے حامی ارکان پنجاب و قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا تھا جہاں پی ٹی آئی میں ہی جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کے باضابطہ قیام کا اعلان کیا گیا۔ راجہ ریاض کو قومی اسمبلی میں گروپ کا پارلیمانی رہنما بنایا گیا ہے جبکہ پنجاب اسمبلی میں سعید اکبر اس کی سربراہی کریں گے۔ ہم خیال گروپ نے پنجاب اسمبلی کے رواں اجلاس میں جمعےکے روز پاور شوکا فیصلہ بھی کیا ہے۔