عدم ثبوت کی بنیاد پر قانون کے مطابق انکوائری بند کرنے کی منظوری دی گئی۔فائل فوٹو
عدم ثبوت کی بنیاد پر قانون کے مطابق انکوائری بند کرنے کی منظوری دی گئی۔فائل فوٹو

نیب نے کیپٹن (ر) صفدرکے خلاف تحقیقات بند کرنے کی منظوری دیدی

نیب نے کیپٹن (ر) صفدر، امان اللہ جدون اور دیگر کے خلاف تحقیقات عدم ثبوت پر بند کرنے کی منظوری دیدی۔

چئیرمین جسٹس نیب جاوید اقبال کی زیرصدارت قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں این ایچ اے کے افسران، اہلکاران، کیپٹن (ر) صفدر اعوان ، پاک پی ڈبلیو ڈی کے افسران، اہلکاران اور دیگر، محمد ارسلہ خان اور دیگر، سابق آئی جی ڈاکٹر مجیب الرحمان اور دیگر کے خلاف انکوائریز، سابق وزیر پیٹرولیم امان اللہ خان جدون اور دیگر جب کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران، اہلکاروں اور دیگرکے خلاف انوسٹی گیشن اب تک کے عدم ثبوت کی بنیاد پرقانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی گئی۔

ایگزیکٹو بورڈ کے اجلا س میں 3 ریفرنسزکی منظوری دی گئی، جن میں احسان اللہ محسود سابق سینئر رکن بورڈ آف ریونیو خیبر پختونخوا کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائرکرنے کی منظوری دی گئی، ملزم پراختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طورپر ڈیرہ اسمٰعیل خان میں 1976کنال سرکاری زمین الاٹ کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کوبھاری نقصان پہنچا۔

اجلاس میں مقبول احمد لہڑی سابق ضلعی ناظم، ڈاکٹر کلیم اللہ، سابق مئیر میٹر و پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی، ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 5292 مربع فٹ سرکاری زمین کوڑیوں کے داموں لیز پر دینے کا الزام ہے، جس سے قومی خزانہ کو 529 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ جبکہ  میر محمد امین عمرانی سابق وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکومت بلوچستان اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی، ملزم پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طورپرآمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 9 انکوائریز کی منظوری دی گئی، جن میں ڈاکٹر نوید ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ریسرچ، طارق محمود ایڈمنسٹریٹو آفیسر اور دیگر، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے افسران، اہلکاران، پاکستان ورکس ڈیپارٹمنٹ اور دیگر، ممتاز خان، سابق چیف کنزرویٹوفاریسٹ اوردیگر،ناصر خان سابق رکن قومی اسمبلی اور دیگر،شہاب خٹک سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا اور دیگر،محمد نسیم منیجنگ ڈائریکٹر،ناصر،غفور جنرل منیجر،علی الرحمان ذونل منیجر ڈبلیو ایس ایس پی اور دیگر، ریونیو ڈیپارٹمنٹ گوادر کے افسران، اہلکاروں اور دیگر،غلام حسین جعفراور دیگر، چئیرمین ٹاؤن شپ ہاؤسنگ اسکیم ضلع خضدار اوردیگر، امیر مقام سابق مشیر برائے وزیر اعظم کے خلاف انکوائریز کی منظوری شامل ہے۔

اجلاس میں 3 انویسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی، جن میں محکمہ صحت کوئٹہ کی انتظامیہ اور دیگر،عبد الرازق درانی سابق ڈائریکٹر جنرل گوادرپورٹ اتھارٹی کے افسران، اہلکاران اور دیگر، ریونیو ڈیپارٹمنٹ گوادر کے افسران، اہلکاروں اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشنزکی منظوری شامل ہے۔

اجلاس میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران، اہلکاروں اور دیگر کے خلاف انکوائری قانون کے مطابق مزید کارروائی کے لیے ڈی جی سی اے اے کو بھجوا نے کی منظوری دی گئی۔  این ٹی ڈی سی کے افسران، اہلکاران اور دیگر کے خلاف تین انکوائریز قانون کے مطابق مزید کاروائی کے لیے نیپرا کو بھجوانے کی منظوری دی گئی۔