شیخوپورہ میں نوازشریف کی زمین کی نیلام کردی گئی،چوہدری بوٹا ورک نے سب سے زیادہ بولی دے کر نوازشریف کی اراضی 11 کروڑ11 لاکھ روپے میں خرید لی۔
چوہدری بوٹا ورک نےایک کروڑایک لاکھ روپے فی ایکڑ سب سے زیادہ بولی دی۔شیڈول ریٹ کے مطابق فی ایکڑ قیمت 70 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔
پہلا بولی دہندہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوا اور محمدبوٹا نے10 لاکھ کےزرضمانت کا چیک کمیٹی کو جمع کرادیا ، جس کے بعد دوسرا بولی دہندہ سرفراز وٹو اور تیسرا بولی دہندہ خرم الیاس نے بھی 10،10 لاکھ زر ضمانت کا چیک کمیٹی کے حوالے کیا۔
جائیداد کی نیلامی کے دوران 6 دعویدار سائل سامنے آگئے۔دعویدار مختار حبیب اور نوید ناصر نے دعویٰ کیا کہ وہ زمین کے وراثتی مالک ہیں اور زمین ان کی ہے اس کی نیلامی کیسے کی جاسکتی ہے۔
خریدارمحمد بوٹا کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں کوئی اچھاکام ہونے لگا ہے تو سب کوحصہ لینا چاہیے، بڑے لوگ بھی قانون کے تابع آنے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زمین کو دعویداروں کو دیکھنا انتظامیہ کا کام ہے،جب حکومت نیلامی کرے گی ہم تو حصہ لیں گے۔
اس سے قبل شیخوپورہ میں نوازشریف کی 11 ایکڑ 4 مرلے زمین آج نیلامی کے لیے پیش گئی اوراس سلسلے میں جائیداد کی نیلامی کے لیے عدالتی حکم پڑھ کر سنایا گیا ۔
ضلعی انتظامیہ نے زمین کے دعویداروں کو عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔ترجمان ضلعی انتظامیہ شیخوپورہ فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ 11ایکڑ 4 مرلے اراضی کی نیلامی یکمشت ہوگی، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نیلامی کا اشتہار شائع کروایا جا چکا ہے۔
شیڈول ریٹ کے مطابق فی ایکڑ قیمت 70 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی اور نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرائی جائےگی جب کہ کال ڈپازٹ جمع کروائے بغیر بولی میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔