انٹرنیٹ ایکسپلورر کو (26 سال بعد ) اگلے برس موسم گرما میں ہمیشہ کے لیے بند کردیا جائے گا
انٹرنیٹ ایکسپلورر کو (26 سال بعد ) اگلے برس موسم گرما میں ہمیشہ کے لیے بند کردیا جائے گا

مقبول ترین براؤزر انٹرنیٹ ایکسپلورر ہمیشہ کے لیے بند کرنے کا اعلان

دنیا کی مقبول ترین کمپیوٹر ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے انٹرنیٹ کی پہچان بننے والے دنیا کے پرانے اور مقبول ترین براؤزر ‘انٹرنیٹ ایکسپلورر’ کو 2022 میں سپورٹ بند کرنے کا اعلان کردیا۔
مائیکروسافٹ نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ ایکسپلورر 11 کو اگلے سال موسم گرما میں ہمیشہ کے لیے بند کردیا جائے گا۔ مائیکرو سافٹ نے 26 سال بعد براؤزر ’انٹرنیٹ ایکسپلورر‘ کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
برطانوی آن لائن اخبار دی میل کی رپورٹ کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی کا کہنا ہے کہ براؤزر 15 جون 2022 کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا جائے گا۔
مائیکرو سافٹ نے 25 سال کے بعد آہستہ آہستہ اس سافٹ ویئر کو ختم کرنا شروع کیا تھا اور 2015 میں نئے ایج براؤزر 10 کے ساتھ نئے سرے سے آغاز کیا تھا۔
مائیکرو سافٹ نے حتمی ورژن ، انٹرنیٹ ایکسپلورر 11 کے لیے تعاون برقرار رکھا تھا حالانکہ زیادہ تر لوگ پہلے ہی کہیں اور منتقل ہوچکے ہیں۔
ٹیکنالوجی کمپنی کا کہنا ہے کہ بہت ساری ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز انٹرنیٹ ایکسپلورر استعمال کر رہی ہیں تاہم مائیکروسافٹ ایک ساتھ دو براؤزر رکھنے سے بچنا چاہتا ہے اس لیے انٹر نیٹ ایکسلورر کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ کا نیا براؤزر اسی ٹیکنالوجی کے تحت کام کرے گا جو معروف ویب براؤزر گوگل کرؤم میں استمال ہوتی ہے۔ مائیکروسافٹ ایج میں گوگل کرؤم سے مختلف اور جدید فیچرز متعارف کرائے جائیں گے۔