ہمارے لیے کلین انرجی بہت ضروری ہے ۔فائل فوٹو
ہمارے لیے کلین انرجی بہت ضروری ہے ۔فائل فوٹو

کراچی میں نیو کلیئر پاور پلانٹ یونٹ ٹو کا افتتاح کر دیا گیا

وزیر اعظم عمران خان نے کراچی نیو کلیئر پاور پلانٹ یونٹ ٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے کلین انرجی بہت ضروری ہے ، گلوبل وارمنگ کے دور میں ایسے منصوبے کسی نعمت سے کم نہیں ۔

چین کے تعاون سے کراچی میں لگنے والے نیو کلیئر پاور پلانٹ یونٹ ٹو کا افتتاح کر دیا گیا، منصوبے سے 1100 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی ۔ افتتاحی تقریب سے وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان کے دریاؤں کا 80 فیصد پانی گلیشئرز سے آتا ہے ، پاکستان کو سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے ، پاکستان گلوبل وارمنگ سے متاثرہ دس ملکوں میں شامل ہے ، ہمارے لیے کلین انرجی بہت ضروری ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پاک چین دوستی کی 70ویں سالگرہ منا رہے ہیں ، خوشی ہے کہ ایسے ملک سے دوستی ہے جس سے ہم بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں ، چین نے غربت کو شکست دی ، غربت کا خاتمہ ہماری حکومت کی بھی اولین ترجیح ہے ۔ چین نے کرپشن کیخلاف جہاد کیا ، پاکستان میں ہم صرف اس لئے کرپشن پر قابو نہیں پا سکے کہ ہم نے صرف چھوٹے لوگوں پر ہاتھ ڈالا ، طاقتور لوگوں کو قانون کے تابع لانا ہو گا۔ جب تک اوپر کی سطح پر کرپشن پر قابو نہیں پائیں گے ملک ترقی نہیں کرے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چین دنیا کی ابھرتی ہوئی سپر پاور ہے، چین کیساتھ مضبوط عوامی اور سیاسی تعلقات ہیں ، پاکستانا ور چین ہر مشکل میں ایک دوسرے کیساتھ کھڑے ہوئے، ہمارے دل میں بیٹھ چکا ہے کہ ہر مشکل وقت میں چین ہمارے ساتھ ہوتا ہے،کے ٹو نیوکلیئر پلانٹ سے نوجوانوں کو تکنیکی تربیت دینے میں مدد ملے گی ۔