بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں مرغی بازار میں جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے نائب امیرکی گاڑی کے قریب بم دھماکے میں دھماکہ ہواہے جس میں 6 افراد کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ14افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق دھماکہ جے یو آئی نظریاتی کے نائب امیر مولانا عبدالقادرلونی کی گاڑی کے قریب ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے تاہم انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں طبی امداد فراہم کی جار ہی ہے ۔بلوچستان کی حکومت کی جانب سے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور زخمیوں کو ہر طرح کی طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے،علاقے کو گھیرے میں لے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
دھماکا اس مقام پر ہوا جہاں اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں مظاہرے کا انعقاد کیا گیا تھا اور جب لوگ وہاں سے واپس جانے لگے تو دھماکہ ہو گیا ۔ دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور اسے ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا ۔
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہناتھا کہ جہاں دھماکہ ہواہے وہ پاک افغان سرحدی علاقہ ہے ،دہشتگردوں نے بم پلانٹ کر رکھا تھا ۔