جہانگیر ترین گروپ کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی اورعثمان بزدارکی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکردیا۔ سعید اکبر نوانی کا کہنا تھا کہ ایک تھے، ایک ہیں اورایک رہیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کے موقع پر سعید اکبر نوانی نے کہا کہ آپ کی قیادت پر پورا اعتماد ہے، آپ ہمارے وزیراعلیٰ ہیں،اپنے ایشوزکے حل کے لیے آئے ہیں، تحریک انصاف سے غیر مشروط وابستگی برقرار رہے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے دروازے آپ سب کے لیے کھلے ہیں، کبھی کسی سے ناانصافی کی، نہ کریں گے، انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں۔
جہانگیر ترین گروپ کے نعمان لنگڑیال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں تھے اور پی ٹی آئی میں ہی رہیں گے، ہمیں امید ہے تمام مسائل حل ہوں گے، وزیراعظم نے وعدہ کیا ہے جہانگیر ترین سے نا انصافی نہیں ہوگی، علی ظفر پر بھی اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔
سعید اکبر نوانی کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا ہے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں، اپنے حلقے کے مسائل سے بھی آگاہ کیا ہے، وزیراعظم نے کہا ہے نا انصافی نہیں ہوگی، انکوائری رپورٹ ہمارے خلاف بھی آئی تو قبول کریں گے، ہم چاہتے ہیں رپورٹ میں ناانصافی نہیں ہونی چاہیے۔