ایک طرف فلسطین پر جاری اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ نہیں تھم سکا ہے تو دوسری جانب سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف صارفین کی پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
تاہم اب فلسطین پراسرائیلی جارحیت کے خلاف صارفین کی پوسٹ ڈیلیٹ کرنے پر دنیا بھر میں صارفین نے فیس بک کا بائیکاٹ شروع کردیا ہے۔
گوگل پلے پر فیس بک کی ریٹنگ 4سے گر کر 2 اعشاریہ 6 ہوگئی ہے جب کہ ایپ اسٹور پریہ ریٹنگ کم ہوکر 2اعشاریہ 4 رہ گئی۔
فیس بک کی جانب سے فلسطین کی حمایت میں کی جانے والی پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کے خلاف سوشل میڈیا صارفین سراپا احتجاج ہیں۔
صارفین مختلف سوشل میڈیا ایپس پر احتجاج بھی ریکارڈ کروارہے ہیں اور ساتھ ہی دیگر صارفین پر بھی زور دیا جارہا ہے کہ وہ بھی فیس بک کی ریٹنگ میں کمی کے لیے ایپ 1 اسٹار کی درجہ بندی کریں ۔
ایک صارف نے ٹوئٹر پر ایڈیٹ تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پوسٹس کیسے اور کیوں ڈیلیٹ کی جاتی ہیں۔
اس سے قبل بزفیڈ کی جانب سے اطلاع دی گئی تھی کہ فیس بک کی زیر ملکیت انسٹاگرام نے مقبوضہ بیت المقدس اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی جھڑپ کا مواد غلطی سے ہٹادیا تھا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی افواج نے جنگ بندی کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ایک بار پھر مسجد اقصیٰ سے ملحقہ صحن میں کارروائی کی ہے۔