سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو حلف اٹھانے سے روک دیا گیا۔
چوہدری نثار علی خان اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرکی عدم موجودگی میں حلف اٹھانے پنجاب اسمبلی پہنچے جہاں انہوں نے سیکریٹری اسمبلی سے ملاقات کی اورانہیں حلف اٹھانے کے بارے میں آگاہ کیا، اس موقع پر وزیرقانون بھی موجود تھے۔
چوہدری نثارعلی خان کی طرف سے رولزکی کاپی مہیا کی گئی جس میں لکھا تھا کہ وہ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکرکی عدم موجودگی میں بھی پینل آف چیئرمین سے بھی حلف اٹھا سکتے ہیں تاہم انہیں کہا گیا کہ وہ اسپیکراور ڈپٹی اسپیکرکی غیر موجودگی میں حلف نہیں اٹھا سکتے۔
چوہدری نثارعلی خان کافی دیر تک اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہی کے دفتر میں موجود رہے اور سیکریٹری اسمبلی اور دیگر حکام کو قائل کرنے کی کوشش کرتے رہے لیکن ان کی ایک نہ سنی گئی اور وہ اسمبلی سے باہر آ گئے۔
اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی قائم مقام گورنر کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری ذاتی مصروفیات کے باعث آج اسمبلی نہیں آئیں گے.
واضح رہے کہ چوہدری نثار علی خان 2018 کے انتخابات میں پی پی 10 راولپنڈی سے آزاد حیثیت سے منتخب ہوئے تھے مگر انہوں نے ایم پی اے کے طور پر حلف نہیں اٹھایا تھا۔گزشتہ روز انہوں نے حلقہ کے ووٹرز ،سپورٹرز اور عمائدین کی مشاورت کے بعد حلف اٹھانے کا فیصلہ کیا اور فیصلے سے باضابطہ طور پر پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کو آگاہ کر دیا تھا۔