امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے حکام نے دعویٰ کیا ہےکہ پاکستان نے امریکی افواج کو افغانستان میں موجودگی برقرار رکھنے میں مدد دینےکے لیے فضائی حدود اور زمین استعمال کرنے کی اجازت دیدی ۔
اس بات کا دعویٰ انڈو پیسفیک افیئرزکے لیے امریکی نائب وزیردفاع ڈیوڈ ایف ہیلوے نے گزشتہ ہفتے امریکی آرمڈ سروسز کمیٹی کو بریفنگ میں کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیوڈ ہیلوےکا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے گا کیونکہ افغانستان میں امن قائم کرنے کے لیے پاکستان کا کردار بہت اہم ہے۔
ڈیوڈ ہیلوے نے بتایا کہ پاکستان نے افغانستان میں امریکی موجودگی میں مدد کے لیے پاکستان کے اوپر فلائٹ اور زمین کے استعمال کی اجازت بھی دیدی ہے۔
خیال رہے کہ امریکا طالبان معاہدے کے مطابق امریکی افواج کو افغانستان سے مئی تک نکلنا تھا تاہم بعد میں امریکی صدر بائیڈن نےاعلان کیا کہ یکم مئی سے امریکی افواج کا انحلاء شروع ہوجائےگا اورانحلا کا یہ عمل 11 ستمبرکو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پرحملےکے 20 سال مکمل ہونے پر پورا ہوجائےگا۔