سندھ میں شہریوں کی غیرضروری نقل وحرکت پرپابندی کا نوٹی فکیشن جاری ہوگیا۔
سندھ حکومت نے صوبے بھرمیں کورونا وبا کے باعث شہریوں کی غیرضروری نقل وحرکت پرپابندی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق صوبے بھرمیں 10 سے زائد افراد کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ گھر شادی ہال یا کسی بھی مقام پر دس سے زائد افراد کی تقریب یا اجتماع نہیں ہوسکے گا، اس کے علاوہ سندھ بھرمیں رات 8 بجے کے بعد گاڑیوں کی نقل وحرکت پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔ رات 8 بجے کے بعد کاموں کے لیے گاڑیوں کو صرف ایک فرد کےساتھ اجازت ہوگی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ہوٹلز اور ریسٹورینٹس میں انڈور اور آؤٹ ڈور سروس پر پابندی برقراررہے گی، ریسٹورینٹس کو ہوم ڈلیوری، ٹیک اوے اور ڈرائیو تھرو کی رات 12 بجے تک اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ صوبے کے تمام پارکس اورجوگنگ ٹریکس بند ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ کی سربراہی میں کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا تھا جس میں کورونا کے باعث پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ ہوا تھا۔
سندھ حکومت کے فیصلوں کے تحت صوبے بھر میں کاروبار کے اوقات صبح 5 بجے سے شام 6 بجے تک ہوں گے، ڈپارٹمنٹل اور سپر اسٹورز بھی شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے، بیکری اور دودھ کی دکانیں رات 12 بجے تک کھلی رہیں گی جبکہ جمعے اوراتوارکے دن کاروبار مکمل بند رہیں گے۔