لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس امیر بھٹی کو چیف جسٹس بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 10 جون کو طلب کرلیا۔
جسٹس امیر بھٹی کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بنانے کی سفارش کی جائے گی۔ موجودہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان 5 جولائی کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔
سینئر ترین جج جسٹس امیر بھٹی لاہور ہائیکورٹ کے 51 ویں چیف جسٹس ہوں گے۔ جسٹس امیر بھٹی کو سول، فوجداری، آئینی، ٹیکس، الیکشن، سیٹلمنٹ اور سروس کے قوانین پر عبور حاصل ہے۔ جسٹس امیر بھٹی 8 مارچ 1962 کو بورے والا میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم ملتان سے حاصل کی۔ انہوں نے 1985 میں بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی سے وکلالت کی ڈگری حاصل کی، ان کی 1986ء میں بطور ایڈووکیٹ ہائیکورٹ انرولمنٹ ہوئی، وہ 1999 میں سیکرٹری ہائیکورٹ بار ملتان منتخب ہوئے۔
جسٹس امیر بھٹی نے 2001 میں سپریم کورٹ میں وکالت کا آغاز کیا۔ 12 مئی 2011 کو جسٹس امیر بھٹی نے ہائیکورٹ کے جج کے طور پر عہدے کا حلف اٹھایا۔ جسٹس امیر بھٹی امریکن بار ایسوسی ایشن، انٹرنیشنل بار ایسوسی ایشن لندن کے عہدے پر بھی فائز رہے۔