لندن: ماہرین ایک عرصے سے فاقے کے فوائد بتاتے رہے ہیں اور اس ضمن میں اب انٹرمٹنٹ فاسٹنگ کا بہت ذکر ہورہا ہے۔ اب ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اس سے عمر میں اضافہ ہوتا ہے اور اس سے طویل مدتی حافظہ بھی بہتر ہوتا ہے۔
کنگز کالج لندن کے سائنسدانوں نے چوہوں پر بعض تجربات کرکے بتایا کہ ہے کہ کس طرح فاقہ ان میں طویل نوعیت کی یادداشت اور عمررسیدگی سے ہونے والے اعصابی نقصانات کا ازالہ کرتا ہے۔ جدید تحقیق سے فاقے، روزے اور ڈائٹنگ کے کئی فوائد سامنے آئے ہیں جن کی فہرست بڑی طویل ہے۔
تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اس سے معدے کے خردنامئے تندرست رہتے ہیں، سرطان کے علاج میں مدد ملتی ہے اور جسم سے زہریلے پروٹین کی صفائی میں مدد ملتی ہے جو الزائیمر کی وجہ بن سکتے ہیں لیکن ساتھ ہی فاقہ کشی خلوی سطح پر مائٹوکونڈریائی مرمت سے بڑھاپے کو بھی روکتی ہے۔
نئے تجربات میں ماہرین نے چوہیا کو تین گروہ میں بانٹا۔ ان میں سے ایک کو معمول کی غذا، دوسرے گروہ کو محدود کیلوری والی غذا دی گئی اور تیسرے گروہ کو انٹرمٹنٹ فاسٹنگ سے گزارا گیا یعنی ایک دن بھوکا رکھ کر انہیں دوسرے دن کھانا دیا جاتا رہا تھا۔
تین ماہ کے بعد فاقے سے گزرنے والے گروہ کی طویل مدتی یادداشت بہتردیکھی گئی۔ ماہرین نے دیکھا کہ ان می کلوتھو نامی جین کی سرگرمی بڑھ گئی جسے عمر سے وابستہ جین کہا جاتا ہے۔ یہ عمر بڑھاتا ہے اور ساتھ ہی دماغ میں نئے اعصابی خلیات بھی پیدا کرتا ہے۔ اس طرح یادداشت بڑھانے میں مدد کرسکتا ہے۔
کنگز کالج سے وابستہ سائنسداں ڈاکٹر سینڈرین ٹورے کے مطابق یہ امر حیرت انگیز ہے کہ فاقے بالغ افراد میں بھی نئے اعصابی خلیات پیدا ہوسکتے ہیں۔ اس ضمن میں کلوتھو جین یا پروٹین غیرمعمولی کردار ادا کرتا ہے۔ اس طرح انٹرمٹنٹ فاسٹنگ کے بہت ہی غیرمعمولی فوائد سامنے آئے ہیں۔