اسلام آباد ہائی کورٹ نے جہانگیر ترین اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والے بیرسٹرعلی ظفر کو کام سے روکنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی ۔
عدالت عالیہ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کرتے ہوئےعدالتی وقت ضائع کرنے پر درخواست گزار فرہاد شاہد اورکزئی پر25 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہےکہ جرمانے کی رقم جیل اپیلوں میں مقرر کیے گئے وکلا کی فیس کی مد میں استعمال کی جائے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ کوئی شک نہیں کہ درخواست غیرسنجیدہ اور دیگر اصل سائلین کو انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ کی کوشش تھی، عدالتوں میں مقدمات کے بوجھ اور زیر التوا کیسزکی ایک وجہ ایسی غیر سنجیدہ درخواستیں بھی ہیں۔
واضح رہےکہ جہانگیر ترین کے معاملے پر وزیراعظم نے گزشتہ ماہ ان کے ہم خیال گروپ سے ملاقات کی تھی اور وزیراعظم نے معاملات کی تحقیقات کی ذمہ داری علی ظفر کو سونپی تھی۔