اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے معیشت کو پٹڑی سے اتارکر چندے اورفطرانے والی بنادیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں شاہد خاقان عباسی کی رہائش گاہ پر خرم دستگیر اور مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اے این پی سے علیحدگی کا فیصلہ اپنا ہے پی ڈی ایم کی8 جماعتیں متحد ہیں اور 29 مئی کو سربراہی اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کے لیے اپنی حکمت عملی طے کریں گے۔ عمران خان نےملکی معیشت کو پٹری سے اتار کر چندے اور فطرانے والی معیشت میں تبدیل کر دیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف کو28 مئی 1998 کو ایٹمی دھماکوں کی پاداش میں اقتدار سے اتار کر جیل میں قید بعد ازاں جلا وطن کر دیا گیا۔ اور اب دوبارہ نواز شریف کو سی پیک کا دھماکا کرنے پر اقتدار سے الگ کر کے تاحیات نااہلی اور جیل بھیجا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک کودوبارہ اس گرداب سے نکالنے کا عزم کرتے ہیں اور اس سال یوم تکبیر کے ساتھ یوم جمہورت بھی منائیں گے. احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بھارت نے پانچ ایٹمی دھماکے کر کے ہماری غیرت کو چلینج کیا تھا، جس کے جواب میں نواز شریف نے عوامی امنگوں کے مطابق بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے مقابلے میں چھ دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں پر نواز شریف کو امریکی صدر سمیت بڑی طاقتوں نے فون کیے لیکن نواز شریف نے عوام کی قومی غیرت کے مطابق فیصلہ کیا یہ دن ہماری قومی غیرت اور خودمختاری کے تحفظ کا دن ہے۔