کراچی: سندھ حکومت نے 27 بڑے ملزمان کے سروں کی قیمت مقرر کردی، محکمہ داخلہ سندھ نے انعامی رقم کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ملزمان اغوا برائے تاوان، قتل اور ڈکیتیوں کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ان ملزمان کی فہرست بھی جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق بدنام زمانہ ملزمان واجد کندرانی، بدر عرف بدرو ڈاہانی کے سر کی قیمت دس 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
واشو عرف سورہیہ کے سر کی قیمت 15 لاکھ روپے اور غلام سرور کٹوہر، حاکم جعفری کے زندہ یا مردہ گرفتاری یا نشاندہی پر انعام مقرر کیا گیا ہے۔
خادم بھیو، مہیسر بنگلانی، عطا محمد چولیانی کی گرفتاری پر بھی انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ علی سبزوئی کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے جبکہ بیلو بنگلانی کی گرفتاری پر 30 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ رہزن، سکندر اور عرب کے سروں کی قیمت پانچ پانچ لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے محکمہ داخلہ کی فہرست میں ملزمان صحبت جاگیرانی اور پرویز جاگیرانی بھی شامل ہیں۔
ان 27 خطرناک ملزمان کی گرفتاری یا اطلاع دینے پر مجموعی طور پر دو کروڑ 60 لاکھ روپے کےانعام کا اعلان کیا گیا ہے یہ 27 خطرناک ملزمان سندھ کے کچے کے علاقوں میں جرائم کی بڑی وارداتوں میں ملوث ہیں۔