انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ اسرائیل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے ، امریکا اور مغربی ممالک اسرائیل کو ہتھیار فراہم کرتے ہیں ۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی حکومت نسل پرست ہے ،اسرائیل کو باور کرانا ہوگا کہ ہتھیار فلسطین کے خلاف استعمال نہ ہوں ۔یورپی ممالک انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں،انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کی قرارداد منظور ہونا بہت بڑی بات ہے ، ایسی ہی قرارداد کشمیر سے متعلق بھی جمع کرانی چاہیے۔
شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے رمضان کے مہینے میں مساجد مٰں اذان کی اجازت بھی نہ دی ، اسرائیل نے فلسطین میں بمباری کی ،صہیونی ریاست جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے قرار داد کی مخالفت کی ہے ان پر دباؤ آئے گا اور انھیں نظرثانی کرنا ہوگی، قرارداد پر طاقتور ممالک نے مخالفت کی یا الگ رکھا لیکن دنیا نے کچھ اور کیا۔
شیریں مزاری نے کہا کہ چین اور روس نے فلسطین کے معاملے پر قرارداد کی حمایت کی، طاقتور ممالک کی مخالفت کے باوجود دنیا کی سمت بدل رہی ہے۔