لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں خواجہ آصف اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدرکی ضمانت کی درخواستیں جون کے پہلے ہفتے میں سماعت کیلئےمقرر کر دی گئیں جس پر جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں لاہورہائیکورٹ کا 2 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔
سابق وزیردفاع خواجہ آصف نےآمدن سے زیادہ اثاثے بنانے کے الزام میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کر رکھی ہے، ان کی درخواست کی سماعت یکم جون کو ہوگی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ میں 29 دسمبر کو اسلام آباد سے گرفتار کیا، وہ نیب کو پہلے ہی ریکارڈ فراہم کر چکےہیں، الیکشن کمشن اور ایف بی آر کے پاس بھی اثاثوں کی تمام تفصیلات موجود ہیں۔
دوسری جانب کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی عبوری درخواست ضمانت کی سماعت 3 جون کو ہوگی۔
انہوں نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت کیلئے رجوع کر رکھا ہے اور ان کا مؤقف ہےکہ انہیں سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔