سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف نہ ملنے پر پاکستان عوامی تحریک نے17 جون کو ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔
عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاون کیس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 17 جون کو ملک بھرکی تنظیمات اور کارکنان ضلعی سطح پر پرامن احتجاج کریں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک کے سیکریٹری جنرل خرم نوازگنڈا پور کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے تین سالہ دور میں بھی انصاف کیلئے کوئی پیشرفت نہ ہوئی،منہاج القرآن کے قائد اورکارکنان کے خلاف درج جھوٹے مقدمات جوں کے توں موجود ہیں۔ جھوٹے مقدمات کے خاتمے کے لیے حکومتی شخصیات نے درجنوں بار وعدہ کیا مگر عملدرآمد نہیں ہوا۔اول روز سے مطالبہ ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار تفتیش کروائی جائے لیکن نئی جے آئی ٹی کو لاہور ہائیکورٹ نے ڈیڑھ سال سے کام سے روک رکھا ہے۔